شہید مسجد کے محراب پرلکھی آیت ”بنیان مرصوص“ کی بنیاد

مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مظفرآباد میں بھارتی فضائی حملے میں شہید کی گئی مسجد کے محراب پر کندہ قرآن پاک کی آیت کے آخری الفاظ ”بنیان مرصوص“ پاکستان کی جوابی کارروائی کا عنوان بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بھارتی میزائل نے مظفرآباد کی ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچایا،جس کے بعد آپریشن بنیان مرصوص ہواجس میں کئی بھارتی فوجی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کردیاگیا۔”بنیان“کا مطلب ہے عمارت یا دیوار اور مرصوص کا مطلب ہے مضبوطی سے جڑی ہوئی یا سیسہ پلائی ہوئی، بنیان مرصوص کا ذکر قرآن مجید کی 61ویں سورة الصف کی آیت نمبر 4 میں آیاہے جس کا ترجمہ ہے کہ یقیناً اللہ اُن لوگوں کو پسند کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف بستہ ہو کر اس طرح لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔یہ آیت اُس مسجد کے محراب پر لکھی ہوئی تھی جو بھارتی حملے میں شہید ہوئی۔ پاکستانی فوج نے اسی محراب سے پیغام لیتے ہوئے بزدل دشمن کو بتا دیا کہ یہ قوم اپنی مقدس سرزمین، دین اور عزت کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے ۔یہ آپریشن نہ صرف فوجی ردعمل ہے بلکہ ایک روحانی اور نظریاتی پیغام بھی ہے کہ پاکستان صرف ہتھیار سے نہیں، ایمان، اتحاد اور قربانی سے لڑتا ہے ۔معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر اسرار احمد مرحوم اکثر جہاد کے جذبے سے سرشار اہلِ ایمان کوبنیان مرصوص یعنی آہنی دیوار قرار دیتے تھے ، ان کے نزدیک یہی وہ بندے ہیں جو اللہ کے محبوب ہیں اور آج پاکستان نے اسی تصور کو عملی شکل دے دی ہے۔