پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑی طاقت بنانا چاہتے ہیں : مریم نواز
لاہور ، فیصل آباد (نمائندہ دنیا ، خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نوازنے اگلے سال فیصل آباد میں میٹروبس سروس ،گرین الیکٹرک بسیں چلانے، لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈویلپمنٹ پلان لانے، فیصل آباد ڈویژن کے شہروں کیساتھ ساتھ گاؤں کو بھی ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کر دیا۔
جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اورہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑ ی قوت اورطاقت بنانا چاہتے ہیں۔سب کی نیت ٹھیک تھی تو پاکستان کو تاریخی فتح ملی۔اگر عوام تقسیم اورقیادت متحد نہ ہوتی تو دشمن کے خلاف تاریخی فتح نہ حاصل کرسکتے ۔کامیابی پر فخر نہیں،عا جزی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر لحاظ سے بڑے دشمن سے سامنا تھا،مقابلہ کیا،افواج پاکستان نے جنگ لڑی،پوری قوم ساتھ کھڑی تھی۔ہم نے صرف جنگ ہی نہیں جیتی بلکہ قوم کا روشن مستقبل یقینی بنایا۔میں بچوں سے پہلے بھی کہتی رہی، آج بھی کہتی ہوں کہ نفرت اورتقسیم پھیلانے والوں کی باتوں میں نہیں آنا۔انہوں نے کہا کہ سارے ادارے ہمارے اپنے ہیں،لوگ ہمارے اپنے ہیں،اندھی نفرت کا شکار نہیں ہونا چا ہے ۔وطن کا مستقبل طلبہ کے ہاتھ میں ہے ۔وردی کو ڈنڈے پر لٹکا کر مذاق اڑایا گیا،آج یہی وردی پوش جوان سرحدوں پر ہماری حفاظت کیلئے لڑ رہے ہیں۔جنگ جیتنے سے بڑا خوشی کا لمحہ کوئی نہیں ہوسکتا۔بچوں سے کہتی ہوں کہ کسی کے اقتدار کی ہوس کا شکار نہ بنیں۔پاکستان کے نوجوانوں نے نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ اورسکالر شپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے ۔میں عوام کی امانتوں کی امین ہوں،سب کچھ بیٹے اوربیٹیوں کا ہے ۔بچوں کے ہاتھ میں لاٹھی اوراسلحہ اچھانہیں لگتا۔
مریم نوازنے کہا کہ پراجیکٹس کا معائنہ کرنے کے دوران سبزی کے نرخ چیک کیے ،اللہ کا شکر ہے اشیاء کے نرخ نیچے آرہے ہیں۔میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو لیپ ٹاپ اورسکالر شپ دینا چاہتی ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن جہازوں کو گرایا اورجلایا گیا،انہی جہازوں اورلوگوں نے جنگ لڑی۔انڈیا کہتا تھا کہ رافیل طیارہ گرایا نہیں جا سکتا،ہم نے جے ایف تھنڈر سے گرا کر دکھا دیا۔قوم کو یقیناََ یاد ہوگا جے ایف تھنڈرکس نے بنایا تھا۔محمد نوازشریف نے کہا تھا کہ ہم 9مئی والے نہیں 28مئی والے ہیں۔آج نوجوانوں کا جوش و خروش بتارہا ہے ،ہم 9مئی والے نہیں 10اور28مئی والے لوگ ہیں۔28مئی کو ہم نے مقابلہ 5اور6سے جیتا تھا،10مئی کو مقابلہ 6 ،زیرو سے جیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میرے بیٹے اوربیٹیاں 10مئی کے جانشین ہیں،سبز ہلالی پرچم نہیں گرنے دیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فیصل آباد کے تاریخی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ سکیم کا آغاز کیا۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے طلبہ کے لئے 13ویں جنریشن کور آئی سیون کا شاندار تحفہ دیا۔مریم نے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کے چیک دئیے ۔وزیراعلیٰ کی آمد پر فیصل آباد کے طلبہ نے بے مثال جوش و خروش سے نعرے اور تالیاں بجائیں۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر سے ان کی نشستوں پر جاکر ملاقات کی۔اپنی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں۔طلبہ کو لیڈیز پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ مریم نوازطلبہ کی درخواست پر خود بھی قومی ترانے میں شامل ہوگئیں۔