پنجاب اسمبلی :جنگ والا سیاسی اتحاد قائم رہنا چاہیے :اراکین

 پنجاب اسمبلی :جنگ والا سیاسی اتحاد قائم رہنا چاہیے :اراکین

لاہور(سیاسی رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں اراکین نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر تقاریر کیں اور پاک فوج کو خراج تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔۔۔

 بحث میں حصہ لیتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) مشتاق نے کہا کہ چار دن کی جنگ میں پاکستان اور چائنہ،ترکی آذربائیجان کا ا لائنس ابھر کر سامنے آیا ہے ،آج مقتدرہ سے کہنا چاہتا ہوں پلیز! چائنہ کو اب دھوکا نہیں دینا،چین ہمارے مشکل وقت میں ہمیشہ کام آتا ہے ، اس جنگ میں سیاسی اتحاد بھی نظر آیا،اسے قائم رہنا چاہیے ، جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، میری گزارش ہے آپس میں سیاسی جماعتیں غصہ ختم کریں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔اپوزیشن رکن نادیہ کھر نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ذاتی اختلاف اپنی جگہ مگر وطن کے لئے ہم سب اکٹھے ہیں ، ایسے موقع پر بانی پی ٹی آئی کو بھی ہمارے درمیان ہونا چاہیے تھا ، عدنان چٹھہ نے کہا کہ اگلے کئی عشروں میں پاک فوج کے ایئر فورس کے جوانوں کی شجاعت کو سلیبس میں پڑھایا جائے گا، قبل ازیں اسمبلی اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوتے ہی سیکرٹری سپیشلائز ڈ ہیلتھ کی عدم موجودگی پر پندرہ منٹ کے لئے موخر کردیا گیا، اجلاس میں محکمہ سپیلائز ڈ ہیلتھ کے بارے میں سوالوں کے جوابات دیئے جانے تھے کہ سیکرٹری ہیلتھ کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا،جس پر سپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ کو فوری حاضر ہونے کی ہدایت کی اور ان کی آمد تک اجلاس15منٹ کے لئے موخر کردیا ، اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہواتو ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال میں پچاس فیصد سے زائد اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا،جس پر حکومتی رکن ملک ارشد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں صحت کا نظام کیسے چل سکتا ہے ،دو سال سے یہ اسامیاں خالی ہیں ، حکومت پر کرنے کے لیے ٹائم فریم دے ، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی نے جلد پر کرنے کی یقین دہانی کرا ئی ۔ اس دوران اپوزیشن مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدارہے کے نعرے لگاتی ہوئی ایوان میں داخل ہوئی، وزیر قانون نے ٹاؤن میونسپل کمیٹی ضلع ملتاں فیصل آباد مظفرگڑھ،بہاولپور اور بہاولنگر کی آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کیں ،ڈپٹی سپیکر نے رپورٹس متعلقہ کمیٹی کو ریفر کر دیں۔ اجلاس آج دوپہردو بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں