شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملادیا،بھارت کا جنگی جنون اتر چکا اب امن کی بات کرے ،ہم تیار ہیں:بھارت کے5نہیں6طیارے گرائے:شہباز شریف
راولپنڈی، اسلام آباد،کامرہ(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا بھارت کے 5نہیں 6طیارے گرائے ،شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، بھارت کا جنگی جنون اتر چکا، اب امن کی بات کرے ، ہم تیار ہیں۔
وزیراعظم نے معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کو تباہ کرکے پاکستان کی فضائی برتری قائم کرنے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کیلئے کامرہ ائیربیس کا دورہ کیا۔اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا دشمن کے خلاف عظیم کامیابی پر بہادر سپوتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ہماری بہادر افواج نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا،شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور اور گھمنڈ پاش پاش کر دیا، پاکستان کے بھرپور جواب نے طاقت کا توازن تبدیل کر دیا، دشمن کے چاروں طبق روشن ہوگئے ،اللہ تعالیٰ نے ہمیں تاریخ کی عظیم فتح سے ہمکنار کیا، ہمارے جری جوانوں نے دنیا کی سوچ بدل کر رکھ دی،ہر پاکستانی کو اپنی بہادر افواج اور نڈر سپوتوں پر فخر ہے ،اس عظیم کامیابی پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں، عسکری قیادت نے فرنٹ سے لیڈ کیا،10 مئی کو دنیا میں ایک ہی گونج تھی کہ پاکستان نے صورتحال تبدیل کردی،دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے عزم اور تکنیکی صلاحیت سے دشمن کو مات دی۔ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے اور دن میں تارے دکھا دئیے ۔
پاکستان کی تاریخ میں اس سے شاندار فتح پہلے ہمیں کبھی نصیب نہیں ہوئی اور اس شاندار فتح سے نہ صرف دنیا کی سوچ تبدیل کردیا بلکہ خطے اور پوری دنیا میں توازن کو تبدیل کردیا ہے ، اس سے بڑی اللہ تعالیٰ کی ہم پر مہربانی کوئی نہیں ہوسکتی۔ پاک فوج کی اس شاندارکامیابی پر ہم سب کی گردنیں اللہ کے حضور جھکی ہوئی ہیں مگر دشمن کو پیغام دیا کہ دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کو پاؤں تلے روند دیں گے ۔جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ان میں سپہ سالار جنرل عاصم منیر، ایئرچیف ظہیربابرسدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، 10 مئی کو پوری دنیا میں ایک گونج اٹھی کہ یہ جنگ پاکستان نے اپنی تکنیکی مہارت، اپنی تحقیق سے جو مہارت حاصل کی تھی اس سے جیتی ہے ۔ میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں 6 جہاز مار گرائے ہیں ،6 اور 7 مئی کی رات ایک چھٹے بھارتی طیارے ، میراج 2000، کو سرینگر کے مشرق میں پامپور کے قریب مار گرانے کی کامیاب تصدیق پاکستان ایئر فورس کی جنگی مہارت اور ہمارے دفاعی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پریزینٹیشن میں بتایا گیا کہ 3 رافیل گرائے گئے ہیں۔ جے ایف 17 سے جس طرح 3 رافیل کو نشانہ بنایا اس سے مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھے گی۔پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہے ۔ہمارے شاہینوں نے ایم ایم عالم، سیسل چودھری اور سرفراز رفیقی کی یاد تازہ کردی۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت عسکری قیادت اور پاک فوج کے جوانوں نے مربوط مشاورت اور اقدامات سے مثال قائم کی۔ ان سپوتوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے مادر وطن کے دفاع کی جنگ لڑی، ہم نے صبر و تحمل اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا، دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا اس پر ہم نے سوچ سمجھ کر دشمن کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ دشمن نے معصوم بچوں کو شہید کیا، یہ ملک کا مستقبل تھے ، یہ بچے اور خواتین بے قصور تھے ۔ ہمارے دلیر افسروں نے ٹھیک ٹھیک نشانہ لگا کر دشمن کے اوسان خطا کئے اور اس کے ہوش گم ہو گئے ، وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا، پوری قوم اس کی لاج رکھے گی، پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنا کر رہیں گے ۔ ہمیں امن کی ضرورت ہے ، کوئی دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ۔ شہید کے خاندانوں کی کفالت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ بھارت کا جنگی جنون کا بخار اتر چکا، اب امن کی بات کریں ہم تیار ہیں اس امن کیلئے لازمی شرائط تمہیں اچھی طرح معلوم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دینا ہو گا۔
وادی کشمیر کشمیریوں کے لہو سے سرخ ہو چکی ہے ، یہ تحریک آج بھی زندہ ہے ان کے حق ملنے تک زندہ رہے گی۔ آئیں بیٹھ کر اس پر بات کریں، یہ تنازع کبھی دوبارہ جنگ کی آگ کو بھڑکا سکتا ہے اس کو ختم کریں، پہلگام کے حوالہ سے پاکستان پر جھوٹا الزام لگا کر بھارت نے پوری دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کرائی، دنیا کو پتا چل گیا کہ یہ بڑی طاقت کا جھوٹ اور کھوکھلا پن ہے جس کو پوری دنیا نے دیکھا۔ دنیا کی اکثریت پاکستان کے موقف کے ساتھ کھڑی ہے ہم نے شفاف تحقیقات پر زور دیا۔ یہ دہشت گردی ہم نے نہیں کی لیکن ہمارے بے گناہ بچوں کو بے دردی سے مارا گیا۔ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس میں بھارت ملوث ہے ، سمجھوتا ایکسپریس میں ایک بھارتی افسر ملوث تھا۔ مکتی باہنی کس نے بنائی؟ افواج پاکستان دہشت گردی کیخلاف برسر پیکار ہیں اور دہشت گردی ختم کر کے رہیں گے ۔ اگر دہشت گردی ختم کرنی ہے تو ملکر بیٹھیں اور بات کریں، کون دہشت گردی کا نشانہ بنا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی کامرہ ایئر بیس آمد پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔