دنیا کی جیلوں میں23ہزار456پاکستانی قیدی،سعودی عرب سرفہرست
اسلام آباد (نامہ نگار ، نیوز ایجنسیاں )دنیا کے مختلف ممالک کی جیلوں میں 23ہزار 456 پاکستانی قید ہیں ، وزارت خارجہ نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں، اس حوالے سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا تحریری جواب ایوان میں پیش کیا گیا ہے۔
جس کے مطابق دنیا بھر کے مختلف ممالک کی جیلوں میں 23ہزار 456پاکستانی قید ہیں ،سعودی عرب میں 12 ہزار 156 ، متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 5 ہزار 292 پاکستانی قید ہیں۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ پاکستانی مشنز قید پاکستانیوں کو قونصلر امداد کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ، قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیرتوانائی سرداراویس احمدخان لغاری نے بتایا کہ ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی ہے ،200یونٹس سے کم صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 57فیصد،صنعتی صارفین کیلئے 31فیصد اورزرعی صارفین کیلئے ٹیرف 20فیصدکم ہوا ۔ طاہرہ اورنگزیب کے سوال پروفاقی وزیرتوانائی نے ایوان کوبتایا کہ مجموعی بجلی صارفین کی تعداد3 کروڑ 90 لاکھ کے قریب ہیں،ان میں سے ایک کروڑ80لاکھ صارفین 200یونٹس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں،ان صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں تقریبا57فیصدکی کمی کی گئی۔
صنعتی صارفین کیلئے ٹیرف میں 31فیصدکی کمی گئی ہے جس کی وجہ سے صنعتوں کی طلب میں اضافہ ہوا ،صرف فیصل آباد میں صنعتوں کیلئے بجلی کی طلب میں 35فیصداضافہ ہوا ، حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ ساڑھے تین ہزارارب کیلئے معاہدے کئے ، اس رقم کوایڈجسٹ کردیاگیا، اسی طرح پٹرو لیم ڈوپلپمنٹ لیوی کافائدہ بھی صارفین کوپہنچایاگیا اگریہ رحجان جاری رہا توایک سال میں پاکستان خطہ میں سب سے بہترمسابقتی بجلی فراہم کرنے والاملک بن جائیگا ، شاہدہ رحمانی کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ کراس سبسڈی موجودہے لیکن ہم نے مڈل کلاس کیلئے بھی ٹیرف میں کمی کردی ، 200سے لیکر300یونٹس تک کے صارفین کیلئے قیمتوں میں 20فیصد اور300سے لیکر400یونٹس تک کے صارفین کیلئے ٹیرف میں 14فیصدکمی کردی گئی ،رانا محمدحیات کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ پہلے زرعی سبسڈی کاحجم 50سے لیکر60ارب روپے تک تھا تاہم فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے حاصل ہونے والے شعبہ میں زرعی شعبہ کوبھی شامل کیاگیا جس کی وجہ سے کسانوں کیلئے بجلی کی قیمت 20فیصدکم ہوئی ہے ۔ شگفتہ جمانی کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ نیپراکے رولز کے مطابق لوڈشیڈنگ ہوتی ہے ،وولٹیج سے متعلق مسائل ریگولیٹری اتھارٹی دیکھتی ہے ، لوگوں کی تکالیف کوکم سے کم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔