فواد جیل سے نہ ڈریں یہ تو لیڈر بناتی ، جج سپریم کورٹ
اسلام آباد، لاہور( نیوز ایجنسیاں، کورٹ رپورٹر ) سپریم کورٹ کے جج جسٹس ہاشم نے فواد چودھری سے کہا ہے کہ آپ سیاسی آدمی ہیں جیل سے نہ ڈریں، جیل تو سیاست دانوں کو لیڈر بناتی ہے۔
گھبرائیں نہیں آپ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔سپریم کورٹ میں فواد چودھری کی 9 مئی مقدمات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ فوادنے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے مقدمات کے خلاف درخواست پر اعتراضات لگائے ، اپیل میں ججز نے اعتراضات کو برقرار رکھا۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے اعتراضات برقرار رکھنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی، ہائی کورٹ کا آرڈر فیصلہ کم اور شاہی فرمان زیادہ لگ رہا ہے ۔فواد نے کہا کہ 9 مئی کے بعد سات ماہ جیل میں رہا جیل سے نکلے تو 35 مقدمات مختلف شہروں میں درج تھے ۔پراسیکیوشن کی جانب سے فواد کی درخواست پر اعتراض کردیا گیا۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ وجوہات پر مبنی تفصیلی فیصلہ کر دے تو پراسیکیوشن کو کیا مسئلہ ہے ؟ فواد چودھری نے کہا کہ پہلے بھی جیل گئے ہیں دوبارہ چلے جائیں گے ۔عدالت نے مزید سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلائو گھیرائو کے 5 مقدمات میں فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 23 جون تک توسیع کر دی،عدالت نے فواد کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلئے ۔