دفاع ناقابل تسخیر ،سینیٹ میں پاک افواج کو خراج تحسین
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک )سینیٹ میں ارکان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ثابت کر دیا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی کسی بھی چال کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ جس سینیٹر نے ہمارے لیڈر کو گالیاں دیں اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ سینیٹر علی ظفر، سینیٹر عرفان صدیقی، سینیٹر راجا ناصر عباس، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر عون عباس اور دیگر ارکان نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کہا گیا کہ وہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کروائے تاہم وہ نہیں مانا، پاکستان میں تباہی بھارت کی خام خیالی ہے ، بھارت کبھی پاکستان کو غزہ نہیں بنا سکتا اور یہ پیغام بھارت کو اچھی طرح مل گیا،ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے ۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جام سیف اللہ اپنی ہی پارٹی کی پریذائیڈنگ آفیسر سینیٹر شیری رحمن کے رویے پر ایوان بالا سے واک آئوٹ کرگئے ۔ قبل ازیں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ جس سینیٹر نے ہمارے لیڈر کو گالیاں دیں اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ ہم نے اجلاس میں کوئی متنازع بات نہیں کی لیکن ایک سینیٹر نے ہماری قیادت کیلئے غلط بات کی ۔