حکومت چاہے تو معاملات درست ہوسکتے :شوکت یوسفزئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ایک ہونے کا جو ماحول بنا ہے اس میں کشیدگی لانے کی کوشش نہ کی جائے ،عمران خان سے ملاقات کرنے کیلئے اگر روکا جائیگا تو اس سے ماحول دوبارہ خراب ہوگا،اگرحکومت چاہے تو معاملات درست ہوسکتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے انہوں نے مزید کہا عمران خان کے ساتھ کوئی خفیہ بات نہیں ہورہی،نہ ہی پارٹی کوکوئی آفر دی گئی ہے ،علیمہ خان نے بھی اس بات کو کلیئر کردیا ہے کہ کوئی ایسی بات چیت نہیں چل رہی،عمران خان این آر او نہیں لینا چاہتا، کوئی بات چیت ہوتی ہے تووہ اصولوں کی بنیاد پر ہو گی،عمران خان پر جو مقدمے ہیں کیا حکومت ان کوواپس لینے کیلئے تیار ہے ؟ کیا حکومت الیکشن دوبارہ کرواسکتی ہے ؟اگر مذاکرات کا راستہ کھلتا ہے تو اس میں کئی باتیں آجاتی ہیں۔ اس موقع پرسینیٹر افنان اللہ نے کہا ہماری جماعت کی ہمیشہ سے یہ رائے رہی کہ معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرنا چاہئے ، بار بار آفر کی گئی مگرتحریک انصاف نے ٹھکرا دیا ،یہ اچھی بات ہے کہ وہ مذاکرات کی حامی ہے ،تحریک انصاف یہ سمجھتی ہے کہ مذاکرات سے معاملات طے کئے جاسکتے ہیں تواکاموڈیٹ کرسکتے ہیں،عمران خان کو ملک میں ہائبرڈنظام لانے پر معافی مانگنی چاہئے ،اگر تحریک انصاف کومینڈیٹ پر ایشو ہے تو پھربات 2018 سے شروع ہو گی، تحریک انصاف نے پونے چارسال حکومت کی اس پر بھی بات ہو گی،تحریک انصاف اپنی مرضی تو نہیں کرواسکتی، سب کو آئین وقانون کو فالو کرنا ہوگا۔