دشمن بہت جلد مغربی سرحد پر بھی زخم چاٹے گا:خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا دشمن ہماری مشرقی سرحد کے اس پار بیٹھ کر زخم چاٹ رہا ہے ، ان شااللہ ہماری مغربی سرحد پر بھی جلد ہی ہمارا دشمن اسی طرح زخم چاٹ رہا ہو گا۔
سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر مسلح افواج سے یکجہتی کے اظہار کے لیے طالبات کی آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا پراکسیز کے ذریعے ہماری مغربی سرحدوں پر جنگ لڑ رہا ہے ، کالعدم بلوچ لبریشن آرمی ہو (بی ایل اے )ہو یا تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) یہ دہشت گرد انڈین ایجنٹس ہیں ان کا حال بھی انڈین فضائیہ جیسا ہوگا۔بسنت میں پتنگیں اس طرح نہیں کٹتیں جس طرح انڈیا کے جہاز کٹے ۔ انڈیا ہم پر حملے کے لیے بڑے بڑے جہاز لے کر آیا، جن کا بڑا نام تھا جنہیں ہماری افواج نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔ انڈیا نے دوبارہ جارحیت کی تو پہلے سے زیادہ کرارا جواب ان کو ملے گا۔ پہلے جو کسر رہ گئی تھی، ویسے کسر تو نہیں رہی، ایک وقت تھا جب ہمارے نشانے پر ان کے 10 جہاز تھے ، وہ ادھار باقی ہے ۔ افسروں اور جوانوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت میں بہادری سے جنگ لڑی۔ پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں کی جرات اور بہادری کی داستانیں تاریخ کی کتابوں میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا طالبات اپنی قوم اور پاک فوج کی بہادری کی گواہ ہیں میں طالبات کا شکر گزار ہوں اظہار یکجہتی کے لئے میری رہائش گاہ پر پہنچیں میرے لئے یہ جذباتی لمحات ہیں بچوں کا اپنے وطن سے محبت کا انداز منفرد ہے آئندہ مستقبل میں یہ بچے فخر محسوس کریں گے ۔اس موقع پر طالبات نے پاکستان زندہ پاک فوج پائندہ باد کے نعرے لگائے ۔ طالبات کے نعرے فضا میں گونجتے رہے ۔