بنیان مرصوص ، پارلیمنٹ نے بھی توانا کردارادا کیا:نواز شریف
لاہور(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا رائیونڈ میں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کی۔پارٹی ذرائع کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور ملکی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قومی یکجہتی کو قائم رکھنے اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی غور ہوا،نواز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر وزیر اعظم کو مبارکباد دی،شہباز شریف نے پارٹی قائد کو ملکی سیاسی، معاشی اور دفاعی صورتحال سے آگاہ کیا، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔دریں اثنا نواز شریف سے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی اور پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی بارے رپورٹ پیش کی۔اس موقع پرنوازشریف نے کہا پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، اس حوالے سے پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ۔قومی سلامتی کیلئے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے ۔ عوامی نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔ اس فتح پر ہم اللہ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔علاوہ ازیں نوازشریف سے مسلم لیگ (ن)جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے ملاقات کی ،ملکی سیاسی معاملات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوازشریف نے نور اعوان کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا۔