بلوچستان : ایف سی قلعے کے قریب دھماکا، 4 شہید، 20 زخمی : حمام پر فائرنگ 2 افراد جاں بحق
کوئٹہ(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے علاقہ قلعہ عبداللہ میں ایف سی قلعے کے قریب دھماکے میں 4 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں حمام پر فائرنگ سے دوافراد مارے گئے۔
ایف سی قلعے کے قریب دھماکے سے متعدد گاڑیاں تباہ اور دکانیں مسمار ہو گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ شب قلعہ عبداﷲ میں واقع ایف سی قلعہ کی دیوار کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکا خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 4 افراد جاں بحق 20سے زائد زخمی ہو گئے ۔ دھماکے سے متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق دہشتگرد بظاہر ایف سی قلعے کی دیوار کو اڑانا چاہتے تھے اور انہوں نے قلعے کی عقبی دیوار کے ساتھ مارکیٹ کو نشانہ بنایا ۔دھماکا کے بعد ایف سی اہلکاروں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں ۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی ۔ڈپٹی کمشنر ریاض خان کا کہنا ہے کہ علاقے میں سہولتوں کی کمی پرزخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے ۔ دھماکے کے وقت قبائلی رہنما حاجی فیض اللہ خان اپنے دفتر میں موجود تھے اور وہ محفوظ رہے ، زخمیوں میں انکے گارڈ اور راہگیر شامل ہیں، علاقے کو سیل کر کے سرچ وکلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے سریاب میں نامعلوم افراد کی حمام پر فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہوگئے ۔فائرنگ سے رحیم یار خان کارہائشی حجام سہیل اور ایک نامعلوم شخص دم توڑ گیا ،حملہ آور موقع سے فرارہو گئے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورتفتیش شروع کردی۔