9مئی : حماد اظہر، میاں محمود الرشید کیخلاف بیان ریکارڈ

لاہور(کورٹ رپورٹر)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں نو مئی کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ٹرائل میں تیزی آگئی، جلاؤگھیراؤکے وقت موقع پر موجود اہلکار نے حماد اظہر ،میاں محمود الرشید اور دیگر کے خلاف بیان ریکارڈ کرادیا۔
کلمہ چوک کے قریب کنٹینر جلانے کے مقدمے میں موقع پر موجود پولیس اہلکار عاشق نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ گیارہ مئی کی رات حماد اظہر ، میاں محموالرشید ، اور اسلم اقبال کی قیادت میں ڈیڑھ سو سے دو سو لوگ کلمہ چوک جمع ہوئے ،میں وائرلیس پرکال چلنے کے بعد دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچا ، حماداظہر ،محمود الرشید اور اسلم اقبال نے کارکنوں کو اشتعال دلوایا توانہوں نے کلمہ چوک پر کنٹینر اور وارڈن کے کیبن کو آگ لگا دی اورریاست مخالف نعرے بازی بھی کی ،سرکاری گواہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پولیس نے کارکنوں کو روکنے کی کوشش پر مگر پولیس پر بدترین پتھراؤ کیا گیا ، پولیس نے ان دس لوگوں کو وہاں سے گرفتار کیا ،عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں کے وکلا کو گواہ کے بیان پر جرح کے لیے طلب کر لیا۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ سمیت 3 مقدمات کا جیل ٹرائل کرتے ہوئے مقدمات کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی،جج کی رخصت کی وجہ سے کارروائی نہ ہوسکی ،دوسری طرف ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید اور خدیجہ شاہ کو رہا نہ کرنے پرآئی جی پنجاب و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق محمود باجوہ نے درخواست گزار کے وکیل کی عدم پیشی پر سماعت ملتوی کردی، جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ بیرسٹر سمیر کھوسہ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اسلئے سماعت ملتوی کی جائے۔