25ارب ڈالر کی کرپٹو مارکیٹ ریگولیٹ کرنے کیلئے اتھارٹی کی منظوری

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی، 25 ارب ڈالر سے زائد کی غیررسمی کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے پی ڈی اے اے کے قیام کی منظوری دی، فیٹف معیارات کے مطابق اکانومی کا حصہ اور ڈیجیٹل اثاثوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کا مقصد غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنا اور عالمی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ پی ڈی اے اے کے تحت ڈیجیٹل اثاثہ جات کو ریگولیٹ کرنے کیلئے جامع منصوبہ شروع کیا گیا ہے ، اتھارٹی فیٹف معیارات کے مطابق ڈیجیٹل مارکیٹ کی معیشت میں شمولیت اور ڈیجیٹل اثاثوں کو ذمہ داری سے اپنانے کیلئے میکنزم بنائے گی، عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کو قانونی وضاحت اور تحفظ فراہم کرے گی۔ وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا تھا یہ قدم پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مسابقتی کھلاڑی بننے کی جانب لے جائے گا اور اتھارٹی سے 25 ارب ڈالر سے زائد کی غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کی توقع ہے۔