چیئرمین پی ٹی اے کا ایمل ولی پر چرس پینے کا الزام، تلخ جملوں کا تبادلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن اور سینیٹر ایمل ولی خان میں تلخ کلامی اور شدید جھڑپ ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹر ایمل ولی پر نشہ کرنے کا الزام عائد کرتے طنزیہ انداز میں کہا مجھے بھی نشہ دیں جس پر ایمل ولی شدید برہم ہوگئے اور کہا آپ کو یہ جرات کس نے دی کہ مجھ سے اس انداز میں بات کریں؟ ایک سرکاری ملازم مجھے کیسے کہہ سکتا ہے کہ تم چرس پی کر آئے ہو؟ یہ انداز بالکل ناقابل قبول ہے۔ ایمل ولی نے چیئرمین پی ٹی اے کے رویے پر سخت اعتراض اٹھاتے کہا اگر آپ چرس اور شراب پیتے ہیں تو ایسی باتیں کیا کریں۔ انہوں نے کمیٹی سے حفیظ الرحمن کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا یا تو چیئرمین پی ٹی اے اجلاس میں رہیں گے یا میں رہوں گا۔ اس تناؤ کے بعد چیئرمین پی ٹی اے کو اجلاس چھوڑ کر جانا پڑا۔حفیظ الرحمن نے اپنی بات پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ غلطی ہوگئی لیکن ایمل ولی نے معافی کو ناکافی قرار دیتے کہا یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا شاہ زیب درانی نے بھی حفیظ الرحمن کے رویے کی شدید مذمت کی اور کہا چیئرمین پی ٹی اے نے قائمہ کمیٹی کی توہین کی ہے۔