عمران کو رہا کرو، اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج

عمران کو رہا کرو، اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)پاکستان تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی، قائدین اور کارکنوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہرشاہراہ دستور پر احتجاج کیا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے نعرے بازی کی۔۔۔

 چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، صاحبزادہ حامد رضا، بیرسٹر علی ظفر، لطیف کھوسہ، شبلی فراز، عالیہ حمزہ، بیرسٹر عمیر نیازی اور دیگر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے اور190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا معطلی کیلئے درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرانے کیلئے قائم مقام چیف جسٹس آفس گئے ، جس کے بعد تمام رہنما باہر آئے اور علیمہ خان کی آمد کے بعد ان کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے واپس چلے گئے ، پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری قائم مقام چیف جسٹس سے ملاقات ہوئی ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے نوٹس جاری ہوا تھا لیکن تاریخ نہیں لکھی تھی،قائم مقام چیف جسٹس نے کہا آپ کا کیس آئندہ ہفتے مقرر کردینگے ،اب 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کا کیس اگلے ہفتے مقرر ہوگا۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ،جنگ کی فضا ابھی بھی موجود ہے ، حالیہ جنگ 1971 اور1965 سے زیادہ خطرناک تھی، پاکستان کی کامیابی سے انڈیا کا غرور خاک میں مل گیا ہے ،پوری قوم اتحاد قائم کرے اور متحد رہے اگر انڈیا نے دوبارہ کچھ ایسا کیا تو پوری قوم ملکر جواب دے گی، آرمی چیف کو جو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملا ہے اس کے بعد ان پر اور ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،ہمارا افواج کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں،فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے ، یہاں آئے کہ خان صاحب کا کیس لگ سکے ،2 سال سے زائد ہوگیا خان صاحب جیل میں ہیں جو زیادتی ہے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان عدلیہ کے وقار اور خود مختاری کا تحفظ یقینی بنائیں،وہ اپنے قائد اور کارکنوں کو انصاف دلانے کیلئے جمع ہوئے ہیں، عالیہ حمزہ نے کہاکہ ہم عدلیہ کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے آئے ہیں، عدالت بے خوف ہوکرفیصلے کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں