پاکستان بھارت فوجی نقل وحرکت میں کمی کیلئے رابطے میں ہیں :دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان نے نریندر مودی کے بے بنیاد ،اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔
پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنا حقائق کے منافی ہے ، عالمی برادری بھارت کے نفرت انگیز ،غیر ذمہ دارانہ بیانات اور رویے کا نوٹس لے ، پاک بھارت جنگ بندی مؤثر انداز میں جاری ہے ، پاکستان 10 مئی سے اعلان کردہ جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کا پابند ہے ، دونوں اطراف سے کشیدگی میں کمی اور استحکام کی جانب پیشرفت ہوئی ، دونوں افواج کے مابین ڈی جی ایم اوز کے ذریعے رابطہ بحال ہے ، دونوں ممالک فوجی نقل و حرکت میں کمی کے لئے رابطے میں ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارتی بیانات علاقائی کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہیں، بھارت کی جنگی دھمکیاں یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزامات اور عسکری دعوے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ۔