چین کی کوشش ہے پاک افغان تعلقات بہتر ہوں،تھنک ٹینک
لاہور(دنیا نیوز)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ چین کی کوشش یہی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوں، افغانستان سے جو دہشت گرد پاکستان میں آکر کارروائیاں کرتے ہیں۔
افغان حکومت ان کوفوری رو ک نہیں سکے گی البتہ آہستہ آہستہ ان کارروائیوں کو روکے گی کیونکہ ٹی ٹی پی اور افغان حکومت کے درمیان روابط مضبوط ہیں،ان کا ٹی ٹی پی سے نظریاتی تعلق بھی ہے ،ماضی میں ایک دوسرے کا ساتھ بھی دیتے رہے لہذا اس تبدیلی میں ٹائم لگے گا۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا 10 مئی کے بعد کاپاکستان مختلف ہے اور اس خطے کی صورتحال بھی تبدیل ہوئی ہے ،بھارت کی شکست پر افغانستان کو بھی پتا چل گیا ہے اور خطے میں پاکستان کی اہمیت بڑھی ہے ،چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ،چین گارنٹر ہے ۔
انہوں نے کہا پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑی پیشر فت یہ ہے کہ اب ایک دوسرے کے ملک میں سفیر ہوں گے ،چین نے افغانستان میں سرمایہ کاری کی ہے اور اپنا سفیر بھی مقرر کیا ہے ۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا پاکستان اور افغانستان کے درمیان تبدیلی کی ابتدا ہو چکی ہے ،بیجنگ میں بہت بڑا فیصلہ ہوا ہے ،چین نے بھی کہا ہے سی پیک کو افغانستان تک بڑھا یا جائے گا،پاکستان توپہلے سے ہی افغانستان سے تجارت کررہا ہے ،جتنا ہم افغانستان اور چین کی معیشت ساتھ ملائیں گے ، اس سے ہمارا سیاسی وزن بڑھے گا،حالات جو بھی ہوں افغانستان سے تعلق ختم نہیں کرنا چاہئے ، تجزیہ کا ر خواجہ عمران رضا نے کہا پاکستان اور افغانستان دونوں کے تعلقات بہتر ہوں تو دونوں ممالک کو بہت زیادہ فائدہ ملے گا،افغانستان کو چاہئے سی پیک میں شامل ہوکر فائدہ حاصل کرے ،سی پیک کا جو خواب ہے کہ سنٹر ل ایشیاتک جائے وہ افغانستان سے جانا ہے ،معاشی ترقی میں سب کا فائدہ ہے ۔