پاکستان کا پہلا ور چوئل سنٹرفار چائلڈ سیفٹی قائم ،بچے میر ی ریڈ لائن :مریم نواز
لاہور(کرائم رپورٹر)بچوں کے جبری مشقت کے حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت سیف سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام پاکستان کا پہلا ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی قائم کر دیا گیا ،جہاں پروفیشنل ماہرین کی ٹیم گم شدہ افراد کی تلاش، ورثا سے رابطے اور تصدیق پر مامورہوگی۔
ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 کا بٹن دبا کر ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی سے فوری رابطہ ممکن ہے ،صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ پہلی مرتبہ دیگر صوبوں کے گم شدہ بچوں اور شہریوں کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 0309-0000015 کوبھی فعال کیا گیا ہے ۔ ورچوئل سیفٹی سنٹر پر گم شدہ افرادسے متعلق شکایت کیلئے 59635 سے زائد افراد رابطہ کرچکے ہیں جبکہ 53542 گم شدہ افراد سے متعلق کیس کامیابی سے ہمکنار ہوگئے اور26 ہزار سے زائد افراد گم شدگی کے بعد اپنے گھروں میں پہنچ گئے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ بچے میری ریڈ لائن ہیں، گمشدگی کی صورت میں والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں، بچے خواہ ہمارے ہوں یا کسی اور صوبے کے ہمیں سب پیارے ہیں،گم شدگی کی صورت میں ہر بچے کو خیر وعافیت سے گھر پہنچانے کی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں،پاکستان کے پہلے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی سے ملک کا ہر شہری مستفید ہوسکتا ہے ،گمشدہ بچوں کی واپسی کے لئے تمام تر ریاستی وسائل استعمال میں لانے کو تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بچوں سے جبری مشقت کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ چائلڈ لیبر قطعاً برداشت نہیں،بچے میری ریڈ لائن ہیں،آج کے دور میں چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کے لئے المیہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں قلم،کتاب اورلیپ ٹاپ ہونے چاہئیں،اوزاراوراینٹیں نہیں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایسا پنجاب چاہتے ہیں جہاں ہربچہ مزدوری نہیں علم حاصل کرے اورقوم کا مستقبل سنوارے ۔