کلینک آن ویل فیزٹو کا افتتاح،توجہ لوگوں کے مفت علاج پر مرکوز :مریم نواز

کلینک آن ویل فیزٹو کا افتتاح،توجہ لوگوں کے مفت علاج پر مرکوز :مریم نواز

لاہور (دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کلینک آن ویل فیز ٹو کا افتتاح کر دیا ،ان کا کہناتھاکہ صحت کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے ، میری ساری توجہ لوگوں کو مفت علاج کی فراہمی پر مرکوز ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کلینک آن ویل کی نئی جدید ترین ایئرکنڈیشن وین میں مختصر سفر کرکے کلینک آن ویل فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز کیا،وہ وین پر سوار ہوکر سٹیج پر پہنچیں،انہوں نے نئی گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور موجودطبی آلات کا جائزہ لیا۔ فورٹریس سٹیڈیم میں تقریب کے لئے پہنچنے پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ مریم نواز نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ ہر غریب کا گھر کی دہلیز پر مفت اور فوری علاج میرا خواب تھا،اپنی طاقت اوراختیار کو ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا ہے ۔ شہبازشریف صاحب کے جانے کے بعد چار سال میں ہی پنجاب کے عوام رل گئے ،کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات نہ ملنے پر سڑکوں پر آنا پڑا،لوگوں کو کام چھوڑ کر،نوکری سے چھٹی لے کرعلاج اورادویات کیلئے لائنوں میں لگنا پڑتا تھا، 911کلینک آن ویل آج سے پورے پنجاب میں پھیل جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی انقلاب ہے ،عوام کو صحت کی بہترین سہولتوں تک رسائی کا انقلاب ہے ،ادویات لیکرلوگوں کے گھروں تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کلینک آن ویل کے پہلے فیز میں گاڑی میں اے سی نہ ہونے پر دوسرے مرحلے کیلئے شاندار اے سی گاڑیاں پرچیز کی ہیں،سرکاری ہسپتال میں عام مریض کی طرح علاج کرانا بہت اچھا لگا۔خود پرچی بنواکرمیو ہسپتال میں علاج کروایا،ایم آر آئی سکین ہوئی اورانجکشن لگے ۔ جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کاشکار بچوں کاکلینک آن ویل کے ذریعے فوری علاج کیا جائے گا۔کلینک آن ویل گاڑیوں کا غلط استعمال روکنے کیلئے ٹریک بھی کیا جائیگا۔مریم نوا زنے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی ہے ،نئے بجٹ میں 100ارب روپے دے رہے ہیں۔ حقیقی خدمت کررہے ہیں،سیالکوٹ کے بائی الیکشن میں عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں