سالگرہ پر فاسٹ فوڈ استعمال،پولیس اہلکار کی دوبیٹیاں جاں بحق

 سالگرہ پر فاسٹ فوڈ استعمال،پولیس اہلکار کی دوبیٹیاں جاں بحق

کامونکے، ایمن آباد، گوجرانوالہ(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ،نیوز رپورٹر ،کرائم رپورٹر) سالگرہ کی خوشیاں منانے والے گھر میں کہرام مچ گیا ،مضر صحت پیزا ،شوارما کھانے سے 2بچیاں جاں بحق،میاں بیوی اور 3 بچوں کی حالت غیر ہو گئی۔

موڑایمن آبادکے رہائشی پولیس اہلکارنویدپہلوان کی بیٹی ایمان فاطمہ کی سالگرہ تھی، گھر والوں نے برگر اور شوارمے منگوائے جنہیں کھاتے ہی نویدپہلوان، اسکی اہلیہ ، 8سالہ ایمان فاطمہ،4 سالہ جنت ،13سالہ ایمن ،11سالہ ہاشم اور6سالہ ہادیہ کی حالت غیر ہو گئی جنہیں تشویشناک حالت میں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمان فاطمہ اور جنت جاں بحق ہوگئیں جبکہ دیگر بچوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ نوید اور اہلیہ کو حالت بہتر ہونے پرہسپتال سے فارغ کردیا گیا ۔ڈاکٹرز کے مطابق متاثرہ بچوں کی چند دن پہلے بھی طبیعت ناساز تھی اور میڈیکیشن پر تھے ، ہلاکت کا معاملہ پولیس کیس ہے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بچیوں کی ہلاکت پر نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خوراک کے سیمپل لینے کیساتھ لواحقین اور ڈاکٹرز سے تفصیلات لیں، ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا لواحقین کی نشاندہی پر فوڈ پوائنٹس کیخلاف کارروائی کی گئی،فوڈ سیفٹی افسروں کا کہنا ہے کہ خوراک کے سیمپل لیب تجزیے کیلئے بھجوائے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں