لاہور ،چناب نگراوراوکاڑہ میں مبینہ مقابلے ، 4ملزم ہلاک

لاہور ،چناب نگراوراوکاڑہ میں مبینہ مقابلے ، 4ملزم ہلاک

لاہور،کاہنہ ،چناب نگر،بصیرپور(کرائم رپورٹر، نمائندہ دنیا،نامہ نگاران)لاہور ،چناب نگر اور اوکاڑہ میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلوں میں 4ملزم مارے گئے ۔

بتایاگیاہے کہ سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن ملزم صابر علی سکنہ بارہ دری شاہدرہ کو لے جارہی تھی کہ کاہنہ کے علاقے کاچھا گاؤں کے قریب ملزم کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی،جس سے صابرزخمی ہوگیااورہسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑگیا۔ ہلاک ملزم پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا ۔سی سی ڈی اقبال ٹاؤن شہزادنامی ملزم کو ڈکیتی کے مقدمہ میں تحقیق کیلئے لیجارہی تھی کہ مسلم ٹاؤن میں دوملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی ،جس کی زدمیں آکر شہزاد موقع پرچل بسا،ملزم درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا۔ادھرچناب نگر میں سی سی ڈی نے تھانہ چناب نگر کی حدود پیر بگھور کے قریب ناکہ لگا رکھا تھا کہ اس دوران 3مسلح افراد نے رکنے کے اشارہ کئے جانے پر پولیس پر فائرنگ کر دی،دوطرفہ فائرنگ میں ایک ملزم ثقلین سپرا اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ماراگیا جو کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ اوکاڑہ میں اکبرروڈپر تین مسلح ملزموں کا رات 2بجے کے قریب سی سی ٖڈی کی ٹیم سے آمناسامناہواتوملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی اوراسی دوران چوری وڈکیتی کے 20مقدمات میں ملوث ملزم اکرم سکنہ 53/3R ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگیاجبکہ دوملزم فرارہوگئے ۔ادھر رتہ کھنہ روڈ پر سی سی ڈی دیپالیورکیساتھ مبینہ مقابلے میں چوری کے بیسیوں مقدمات میں مطلوب ملزم ناظم سکنہ 29 ڈی شیرگڑھ کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔ تلونڈی سے نامہ نگار کے مطابق گرفتار ڈاکو وسیم عرف ٹیڈی مبینہ پولیس مقابلے میں گولیاں لگنے سے زخمی جبکہ اسکا ساتھی نعمان عرف نومی فرارہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں