پہلی بار حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے اکٹھے ہونے پر کچھ لوگوں کو تکلیف سوشل میڈیا پریقین نہ کریں:صدرکو ہٹانے کے سوا ل پروزیر داخلہ کا جواب

پہلی بار حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے اکٹھے ہونے پر کچھ لوگوں کو تکلیف سوشل میڈیا پریقین نہ کریں:صدرکو ہٹانے کے سوا ل پروزیر داخلہ کا جواب

سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ہٹانے سے متعلق سوال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار سیاسی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہے تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہے ، سوشل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں۔

محرم الحرام میں امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے ، ملک بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے اورمذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ بیانات پر عدم برداشت کی پالیسی اپنائی گئی ہے ۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جس طرح خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو مار بھگایا ہے اسی طرح کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھی وفاق اور صوبے مل کر بھرپور کارروائی کریں گے ۔اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا صدر مملکت آصف علی زرداری کو ان کے عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے ؟ جس پر محسن نقوی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2 دن مزید سیاست نہ کریں اور سوشل میڈیا پریقین نہ کریں ، میرے خیال میں لوگوں کو تکلیف ہے کہ یہ سارے اکٹھے ہیں، تو اس لئے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ سیاست دان، حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ سب اکٹھے ہیں تو لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے اسی لئے وہ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں لیکن میری درخواست ہے کہ دو دن سیاسی باتوں سے پرہیز کیا جائے ۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی،ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ، فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے فورسز چوکنا ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومتی اقدامات اور سکیورٹی اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پرامن طور پر گزرے گا، دشمن کے ناپاک عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ اب ہوں گے ۔ ملک بھر میں 2763 جلوس پرامن طور پر رواں دواں ہیں، سکھر میں 9 محرم الحرام کے مرکزی قدیمی جلوس میں تقریبا 10لاکھ افرادشریک ہیں۔جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی کنٹرول رومز فعال ہیں۔صحافی نے سوال کیاکہ کیا سندھ کے اضلاع شکارپور،کشمور اورکندھ کوٹ کے حالات کی اطلاع وفاقی حکومت کونہیں ہے ؟ ،اس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ہے اور جس طرح خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کوماربھگایا ہے ، ڈاکوؤں کا بھی بندوبست کرلیں گے ، ڈاکوؤں کا بندوبست وفاقی حکومت اورصوبائی حکومتیں مل کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں