بغیرلائسنس رکھے 13شیرتحویل میں لے لئے گئے،5افرادگرفتار

لاہور (دنیا نیوز)صوبہ پنجاب میں غیرقانونی طور پر شیر رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13 شیروں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ پانچ افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی جانب سے یہ کارروائی تین روز قبل لاہور میں ہونے والے اس واقعہ کے بعد سامنے آئی ہے جب ایک شیر نے فارم ہاؤس کی دیوار پھلانگنے کے بعد شہریوں پر حملہ کرتے ہوئے خاتون اور بچوں کو زخمی کیا تھا۔ کریک ڈاؤن کے دوران 22 مقامات کی انسپکشن کی گئی ،لاہورسے چار شیروں کو تحویل میں لیا گیا اور اس احاطے کو سیل کیا گیا جہاں شیروں کو رکھا گیا تھا۔گوجرانوالہ سے چار ، فیصل آباد سے دو اورملتان سے تین شیر برآمد کئے گئے ۔ لاہور سے 4اورملتان سے ایک شخص کو گرفتارکرکے مقدمات درج کرلئے گئے ۔