سپیکر نے چیف الیکشن کمیشن کو ریفرنس نہیں بھیجا : کنور دلشاد

سپیکر نے چیف الیکشن کمیشن کو ریفرنس نہیں بھیجا : کنور دلشاد

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ارکان کی معطلی کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس حوالے سے ملک محمد احمد خان چیف الیکشن کمیشن سے بھی ملے ہیں۔۔۔

میری اطلاع کے مطابق ابھی تک سپیکر پنجاب اسمبلی نے چیف الیکشن کمیشن کو کسی قسم کا ریفرنس نہیں بھیجا،سپیکر پنجاب اسمبلی نے صرف ان سے مشاورت کی ہے اور ان سے رائے لی ہے کہ ہم آئندہ ایسا کیا لائحہ عمل اختیار کریں کہ ہماری اسمبلیاں پرامن طریقے سے کام جاری رکھیں، دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی چاہتے ہیں کہ قانون سازی ہو،اسمبلیوں میں لڑائی، جھگڑا اور ہلڑ بازی روکنے کیلئے قانون سازی کرنا ہوگی،حکومت اور اپوزیشن کو چاہیے کہ مل کرقانون سازی کرلیں تاکہ آئندہ یہ اسمبلیوں میں ہنگامہ، لڑائی، ہلڑ بازی نہ ہو۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ اسمبلی میں لڑائی، جھگڑا اور ہلڑ بازی نہیں ہونی چاہئے میں اس پر اتفاق کرتا ہوں۔بات یہ ہے کہ نعرے بازی دونوں طرف سے ہوئی ہے ،ہمارے اس احتجاج کو ایشو بنا کر سپیکر کو اس حد تک نہیں جانا چاہئے تھا،میں یہ بھی بتا دوں کہ ہم نے کوئی ایک مائیک نہیں توڑا، بغیرسنے ہمارے ممبران کو جرمانہ کیا گیا،دوسری بات جب میں نے تقریر شروع کی تو حکومت کی طرف سے شدید نعرے بازی کی گئی،اس کی میرے پاس ویڈیوز ہیں، ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں،ہم اس معاملے پر پنجاب حکومت سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں،سپیکر پنجاب اسمبلی ریفرنس بھیجتے ہیں تو ہمارا قانونی لائحہ عمل تیا ر ہے ، ہم اس ریفرنس کے خلاف عدالت جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں