حمیرا کی میت بھائی کے حوالے ،بہن بہت خوددار تھی،نوید اصغر
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسی) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی اور بہنوئی نے ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر افسروں سے ملاقات کی۔
حمیرا کے بھائی نوید اصغر نے لاہور سے کراچی پہنچنے کے بعد پولیس
سے رابطہ کر کے قانونی کارروائی مکمل کی ، چھیپا فاؤنڈیشن نے میت ان کے حوالے کردی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید اصغر نے کہا کہ میری بہن خودار تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ غلط خبر ہے کہ ہم نے بہن سے لاتعلقی کی، ہم گزشتہ تین روز سے پولیس اور چھیپا سے مسلسل رابطے میں تھے ، چونکہ قانونی کارروائی میں دیر لگتی ہے اس لیے اب میت وصول کرنے آئے ہیں۔نوید اصغر نے کہا کہ میری بہن خودمختار تھی ،وہ اپنی مرضی سے شوبز میں آئی ،انہوں نے بتایا بہن سے تقریباً ایک سال سے رابطہ نہیں تھا،ہم اس کیس کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں ۔ دوسری جانب حمیرا اصغر کی موت تا حال معمہ بنی ہوئی ہے ، فلیٹ میں پڑی لاش گل سڑ گئی ،کسی کو خبرتک نہ ہوئی۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ کی لاش اس قدر سوختہ ہو چکی تھی کہ گھٹنوں کے جوڑ گل گئے تھے ، کمرے میں کیڑے گھوم رہے تھے ، کسی مزاحمت اور بے ترتیبی کے آثار نہیں تھے ۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ اور تدفین اپنے اخراجات پر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا تدفین اور تمام اخراجات خود ادا کروں گا، کامران ٹیسوری نے کہا حمیرا کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی جائے گی ۔ دوسری جانب وزیر ثقافت و سیاحت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے بھی محکمے کی جانب سے اداکارہ کی تدفین کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔