بارشیں، سیلاب، 3 خواتین دریا برد، چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق : کئی بستیاں زیر آب

بارشیں، سیلاب، 3 خواتین دریا برد، چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق : کئی بستیاں زیر آب

لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 3خواتین اور 2بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی بستیاں زیر آب آگئیں، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث تمام سپل ویز تیسری بار کھول دئیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،گھوٹکی کے مقام پر تین خواتین تیز ریلے  کی زد میں آکر دریا میں ڈوب گئیں ،مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تینوں خواتین کی لاشیں دریا سے نکال لیں ۔ تونسہ میں سیلابی پانی سے کئی بستیاں زیر آب آگئیں اورلوگ محصورہو گئے جبکہ راجن پور کے کچے کے علاقوں سے لوگ نقل مکانی کررہے ہیں ۔لاہور میں بادامی باغ کے علاقے کھوکھر روڈ پربارش کے باعث شہری دانش رضا کے خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ توصیف اور اس کا کزن 7 سالہ سبحان جاں بحق ہوگئے جبکہ توصیف کا بھائی 3 سالہ ریحان اور دادی زخمی ہوئے ۔ ہری پور میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کی آمد کے پیش نظر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے لگا،گزشتہ روز تربیلا ڈیم کے تمام سپل وے تیسری بار کھول دیئے گئے جبکہ مساجد میں مقامی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے اعلانات کئے گئے ، سپل وے سے پانی کے اخراج کیلئے 14 فٹ گیٹ کھولے گئے ہیں ۔تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 526 اعشاریہ 8 فٹ ہے ، پانی کی آمد 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 50 ہزار سے 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہے ۔لاہور میں گزشتہ روز مختلف علاقوں میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا،ڈیفنس، غازی روڈ، فیرو ز پور روڈ، والٹن روڈ اورڈیوس پر رات گئے بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا ، بلو چستان ،سندھ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے 15 جولائی سے 31 اگست تک سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کا کہنا ہے کہ شہر میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور انتظامی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے 7 فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دئیے ہیں جس میں خوراک، پانی، دوا، رہائش، سکیورٹی کی سہولت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں