سروے والا ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر، ڈرامہ نہیں چلے گا، شاندانہ گلزار
اسلام آباد(دنیا نیوز)رہنما تحریک انصاف شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ گیلپ سروے والا ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈرہے ان کی باتوں کو نہیں مانتے، اب جھوٹی باتوں کا چورن نہیں بکے گا۔
دنیا نیوزکے پروگرام‘‘دنیا مہربخاری کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے ہوئے شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ بانی نے کہا نومئی کے شواہد دیئے جائیں اور سیاسی قیدیوں کورہا کیا جائے ، کون لوگ ہیں جو جیل جا کر بانی کی منتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ان کی بات نہیں مان رہا اسی لیے انہیں سہولیات نہیں دی جا رہیں، یہ مسلسل بانی کو ڈیل کی آفر کر رہے ہیں، وہ کہتے ہیں ڈیل نہیں مذاکرات کروں گا۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عالیہ حمزہ پنجاب میں پارٹی کی ہیڈ ہیں،پارلیمانی پارٹی کی نہیں، علی امین گنڈا پورکی بات کی سب نے تائید کی تھی، جب تک بانی کوعلی امین گنڈا پورپراعتماد ہے وہ وزیراعلیٰ رہیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اور پیپلزپارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ، پاکستان کی عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔