گیلپ سروے سیاسی ، مفروضوں پر مبنی : مشیرپختو نخوا حکومت
پشاور(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے گیلپ کی سروے رپورٹ کو وفاقی حکومت کی ایما پر تیار شدہ سیاسی سکرپٹ قرار دے دیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مفروضوں پر مبنی سروے کا حقیقت سے دور دور تک واسطہ نہیں، گیلپ غیر جانبدار ہے تو پنجاب کی تباہ کاریاں اور جنوبی پنجاب کی محرومیاں بھی دکھائے ۔انہوں نے سوال کیا کہ سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں اور کراچی کی گندگی پر گیلپ نے عوامی رائے کیوں نہیں لی؟،بیرسٹر سیف نے کہا سیاسی جماعتیں اور ان کا بیانیہ جعلی سروے سے نہیں، عوام کے ووٹ سے بنتے ہیں، گیلپ سروے مور کے منہ میں سانپ ہے ، مریم نواز گیلپ کے منہ میں بیٹھ کر زہر اگل رہی ہیں، افغان مہاجرین پر زہر، پارکس کا شور اور پنجاب میں بزنس ہیون کا جھانسہ جعلی حکومت کی جانب سے مزاحیہ ڈرامہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ان کے مینڈیٹ کو کون چوری کر کے اقتدار میں بیٹھا ہے، ووٹ چور سروے جیسے ہتھکنڈوں سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ، گیلپ چند ٹکوں کے عوض اپنی ساکھ داؤ پر لگا رہا ہے ، عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت کو سروے سے قابو کرنا خوابوں میں ممکن ہے۔