5 سال پرانے ٹیکس معاملات کی انکوائری نہیں ہوسکتی : جسٹس انعام
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کے خلاف ایف آئی اے میں زیر التوا انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔۔۔
فرحت اللہ بابراپنی وکیل ایمان مزاری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے تفتیشی سے استفسارکیاکہ جی بتائیں کیا انکوائری ہے اور الزامات کیا ہیں،ٹیکس سے متعلق پانچ سال سے پرانے معاملات کی انکوائری نہیں ہوسکتی، عدالت کی ہدایت پرتفتیشی افسر نے ریکارڈ درخواست گزار وکیل کو دکھا دیا، فرحت اللہ بابر روسٹرم پر آگئے اورکہا مجھے پوچھ رہے ہیں کہ1980ء میں گھر خریدا اس کی منی ٹریل بتائیں،کہتے ہیں1985 ء میں گاڑی خریدی اس کی منی ٹریل بتاؤ، جسٹس انعام امین منہاس نے کہا اتنے پرانے معاملات کوئی کیسے بتا سکتاہے ، فرحت اللہ بابر نے کہا میں نے یہ سب بتا بھی دیا ہے ، جسٹس انعام امین منہاس نے تفتیشی افسر سے کہا تمام انکوائری مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کریں،اس کیس کو نمٹا نہیں رہے التوا میں رکھ رہے ہیں، عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔