ای او بی آئی پنشن 1500 روپے اضافے سے 11500 روپے ہوگئی
لاہور(خبرنگار)حکومت کی جانب سے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن(ای او بی آئی) کے تحت رجسٹرڈ پنشنرز کی پنشن میں 15 فیصد اضافے سے پنشن کی رقم 1500 روپے ماہانہ بڑھ گئی ہے اور اب 11500 روپے ماہانہ پنشن ملا کرے گی ۔
تین ماہ قبل ای او بی آئی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی جانب سے پنشن میں اضافے کی منظوری دے کر سمری کابینہ کو بھجوائی گئی تھی۔پنشن کی موجودہ رقم 10 ہزار روپے ماہانہ تھی جو اب بڑھا کر 11 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے ۔پنشن میں اضافہ یکم جنوری 2025 سے مؤثر ہوگا اس لئے پنشنرز کو گزشتہ 6 ماہ کے واجبات بھی ادا کیے جائیں گے۔ فیصلے سے ملک بھر کے 6 لاکھ سے زائد پنشنرز براہ راست مستفید ہوں گے۔ ای او بی آئی حکام کا کہنا ہے اضافی رقم اور واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔