مذاکرات،پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی سے ثالثی کیلئے رابطہ

مذاکرات،پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی سے ثالثی کیلئے رابطہ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک انصاف نے حکومت کیساتھ مذاکرات میں ثالثی کے لئے جماعت اسلامی سے رابطہ کرلیا۔

 امیر جماعت  اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز بیوروچیفس سے ملاقات میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنمائوں نے گزشتہ ہفتے ہمارے ساتھ رابطہ کیا کہ حکومت سے معاملات طے کرنے کیلئے ثالثی کروا دیں، ہم نے ان سے کہا کہ ثالثی کا کردارادا کرنے کے لیے تیار ہیں حکومت سے اس وقت بات کریں گے جب آپ عمران خان سے مکمل مینڈیٹ لیکر آئیں گے ۔ دریں اثنا مہنگی بجلی، چینی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف کل جمعہ کو ملک گیر احتجاج اور اتوار کوڈویژنل سطح پرمظاہروں کااعلان کیااورکہاکہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ شیر نے بھی چینی کھانا شروع کردی ہے ۔ فارم 47 سے مسلط جعلی حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد اور ان کی جانب سے شوگر مافیا کی مکمل سرپرستی ملک و قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہی ہے ،خیبر پختوانخوا میں قیام امن کے لیے قومی جرگہ تشکیل دیاجائے ۔ بلوچستان کی محرومیاں دور کی جائیں اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کی جانب سے صوبہ کے عوام کے حقوق کے لیے اور وسائل کی لوٹ مار کے خلاف 25جولائی کو ہونے والے کوئٹہ تا اسلام آباد تاریخی لانگ مارچ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کارکنوں کو اس احتجاج میں بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں