اسحاق ڈار کا دورہ کابل :پاک افغان ازبک ریلوے منصوبے میں پیشرفت ،فزیبلٹی معاہدے پر دستخط
کابل ،اسلام آباد(وقائع نگار، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک افغان ازبک ریلوے منصوبے میں اہم پیش رفت، کابل میں یو اے پی ریلوے کوریڈور کے تحت نائب آباد-خرلاچی ریلوے لنک کے لیے مشترکہ فیزیبلٹی سٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے ۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کابل میں افغانستان اور ازبکستان کے وزرا خارجہ سے ملاقات کی جس میں تجارت، ٹرانزٹ، سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزارت خارجہ کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ میں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے عوام اور حکومتوں کو نائب آباد-خرلاچی ریلوے لنک کے لیے مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، جو ازبک-افغان-پاک (یو اے پی) ریلوے کوریڈور کے تحت طے پایا ہے ۔ میں ازبکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس معاہدے پر بروقت دستخط کے لیے بھرپور تعاون اور عزم کا اظہار کیا۔ ہم نے اس معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے پورے مذاکراتی عمل کے دوران قریبی رابطہ برقرار رکھا۔ یو اے پی ریلوے کوریڈور علاقائی رابطے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ہے ، جو وسطی ایشیائی ممالک کو افغانستان کے راستے پاکستانی بندرگاہوں سے جوڑے گا۔اس معاہدے پر دستخط سابق پی ڈی ایم حکومت (2022-23) کی قیادت اور عزم کا نتیجہ ہیں، جب وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مجھے بطور وزیر خزانہ اس منصوبے کی قیادت کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔
ہم نے برادر ممالک کے ساتھ مل کر اس انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی۔دریں اثنا معاہدے پر دستخط سے قبل وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ کابل میں ملاقات کی۔سہ فریقی ملاقات میں مضبوط تعلقات اور امن، روابط، تجارت اور علاقائی ترقی کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔تینوں فریقوں نے خطے کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور اپنے عوام کے لیے طویل المدتی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے افغان وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے بھی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول امن و سلامتی، تجارت اور راہداری تعاون اور علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا۔19 اپریل 2025 کو اپنی سابقہ ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ، انہوں نے مسلسل مصروفیت کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔اسحاق ڈار کی افغانستان کے عبوری وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے بھی ملاقات ہوئی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان سکیورٹی امورپر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور علاقائی ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اسحاق ڈار نے سکیورٹی اور بارڈرمینجمنٹ کے مسائل حل کرنے ، اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔