جلد انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ،جسٹس سرفراز
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے اعزاز میں اسلام آباد ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر،جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس خادم حسین سومرو ،جسٹس اعظم خان،جسٹس انعام امین منہاس تقریب میں شریک ہوئے ،وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ،احسن اقبال ،وزیر مملکت بیرسٹر عقیل، انجم عقیل،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، جوڈیشل افسران اور وکلاء کی کثیر تعداد نے تقریب میں شر کت کی۔ جسٹس محسن اختر کیانی،سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز تقریب میں شریک نہیں ہوئے ،جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار اور جسٹس محمد آصف بھی چھٹیوں کے باعث شریک نہ ہوئے ۔ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے خطاب میں کہاکہ اس تقریب کا انعقاد ،بیرون ممالک کے سفراء کی یہاں آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، حلف لینے کے بعد متعدد کمیٹیاں تشکیل دیں، جلد انصاف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہاکہ انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے سپیشل بنچز تشکیل دیئے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سپیشل بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں، ہمارے پاس سٹاف کی کمی ہے اور ججز بھی صرف گیارہ ہیں۔