سینیٹ الیکشن ، سب کو بلامقابلہ کامیاب کرانا چاہتے ہیں، فضل الرحمن

سینیٹ الیکشن ، سب کو بلامقابلہ کامیاب کرانا چاہتے ہیں، فضل الرحمن

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کا معیار زندگی بہتر ہونا چاہئے تھا، قیادت کو احساس ہو گیا کہ انضمام کا فیصلہ درست نہیں، فیصلہ ایک دم واپس لینے کے اثرات کیا ہوں گے ؟ نئے صوبے پاکستان کی ضرورت ہیں۔

 فاٹا کو ایک  صوبے کا اسٹیٹس دیا جا سکتا ہے ، کسی بھی تبدیلی کیلئے آئین میں تبدیلی کرنا ہوگی، انضمام کے بعد صوبے میں بھی ترمیم کرنا ہوگی،ہم سینیٹ الیکشن میں خریدوفروخت روکنا چاہتے ہیں، تمام امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب کروانا چاہتے ہیں۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں موسم تو خوشگوار ہے لیکن سیاسی موسم شدید گرم ہے ، جس کی اپنی ہوائیں اور رخ ہوتے ہیں۔ فاٹا انضمام پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ لوگ بھی انضمام کے مخالف ہو چکے ہیں جو اس کے حامی تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انضمام کے بعد فاٹا کے عوام کو کچھ نہیں ملا اور ان کا معیارِ زندگی بہتر ہونا چاہیے تھا، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے فاٹا انضمام کی سب سے زیادہ مخالفت کی اور وقت نے ہمارے تمام خدشات کو درست ثابت کیا۔ مخالفت کرنے پر ہمیں سخت دباؤ کا سامنا رہا، لیکن ہم نے فاٹا کے عوام کے سیاسی مستقبل کا سوال اٹھایا۔سربراہ جے یو آئی ف نے بتایا کہ موجودہ صورتحال پر نظرثانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، جس میں کسی سیاسی جماعت کی نمائندگی نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائندگی لینے کے بجائے انہوں نے فاٹا جرگہ بلایا ہے ، جس سے مشاورت کے بعد کمیٹی کے ارکان کے نام دئیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں