امریکا سے تجارتی مذاکرات میں پیش رفت ہوئی :وزارت خزانہ

امریکا سے تجارتی مذاکرات میں پیش رفت ہوئی :وزارت خزانہ

واشنگٹن / اسلام آباد ( نیوز مانیٹرنگ )وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اہم تجارتی معاہدے کے سلسلے میں امریکی حکام سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ جو اگست کی ڈیڈلائن سے پہلے مکمل کیے جانے کی کوششوں کا حصہ ہیں ۔

 خبررساں ادارے بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کو امریکا کی جانب سے تفصیلی مطالبات کی ایک فہرست فراہم کی گئی تھی، جس میں پاکستان سے ٹیرف (محصولات) اور نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنے کی شرط رکھی گئی تھی۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ امریکا سے ہونے والے تجارتی مذاکرات میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان یہ چاہتا ہے کہ امریکا اس پر لگائے گئے اضافی ٹیکس ختم کر دے ۔پاکستان نے امریکی کپاس اور سویابین کی درآمدات بڑھانے کی پیشکش کی ہے ۔ امریکا ، پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے ۔پاکستانی وزارت خزانہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چونکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی خسارہ محض 3 ارب ڈالر کا ہے ، جو کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں نسبتاً کم ہے ، اس لیے اس معاہدے کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ فی الحال وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس معاملے پر مزید تفصیلات کے لیے بھیجے گئے پیغام کا کوئی جواب نہیں دیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی کے اوائل تک معاہدے کی تکمیل کی توقع تھی، لیکن بات چیت طویل ہو چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں