یوم الحاق پاکستان:کشمیریوں کا پاکستان سے وابستگی کے عزم کا اعادہ

یوم الحاق پاکستان:کشمیریوں کا پاکستان سے وابستگی کے عزم کا اعادہ

سرینگر،اسلام آباد ،لاہور (نیوز ایجنسیاں،دنیا مانیٹرنگ )کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے 19 جولائی کو یومِ الحاقِ پاکستان بھرپور انداز میں منایا۔ اس موقع پر کشمیری عوام نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور پاکستان سے الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 19 جولائی 1947 کو سرینگر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ اور پاکستان سے فطری رشتے کی علامت ہے ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں آزادی اور حریت کی مثال بن چکی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 10 لاکھ بھارتی فوج کی درندگی کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی ہے ، اور آج تیسری نسل بھی حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے ، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو استصوابِ رائے کا حق نہ ملا تو برصغیر پاک و ہند آتش فشاں بنا رہے گا۔انہوں نے لاہور میں الحاقِ پاکستان ریلی سے خطاب میں کہا کہ ہر حکومت کشمیر کاز سے وابستہ رہے گی، ہم کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں