پاک ،آذر بائیجان ریل روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پر اتفاق
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی و ریل روابط کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کی صدارت میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی و ریل تعاون پر اہم اجلاس ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان ریل رابطوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پر اتفاق کیا گیا۔بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ریلوے کی ترقی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل ہو رہا ہے ۔اجلاس میں سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ، سیکرٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف، ایس آئی ایف سی، این ایل سی، اسٹیٹ بینک اور وزارت بحری امور کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔آذربائیجان کی ٹیم نے ڈپٹی چیئرمین عارف آغایف کی قیادت میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف نے پاکستان ریل کے نیٹ ورک اور مواقع پر بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریل معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔