آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور مینڈیٹ بحالی ناگزیر :اچکزئی

 آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور مینڈیٹ بحالی ناگزیر :اچکزئی

کوئٹہ (آن لائن)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی طور پر شدید بُری حالت میں ہے ۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان دیگر تمام تحاریک سے منفرد ہے کیونکہ اس میں نہ اسٹیبلشمنٹ، نہ کوئی خفیہ ادارہ اور نہ ہی حکومت وقت کی پشت پناہی شامل ہے ۔

 ہر ذی شعور پاکستانی جانتا ہے کہ ریاست خطرناک صورتحال سے دوچار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں نے سنجیدگی نہ دکھائی تو لوگ خود سڑکوں پر نکل آئیں گے ، جیسے باجوڑ اور وزیرستان میں نظر آیا۔ فاٹا میں لاکھوں لوگ نکلے لیکن ان کے نعرے ملک اور علاقے کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو فوراً متفق ہونا چاہیے تاکہ عوامی غصے کو درست سمت دی جا سکے ۔محمود اچکزئی نے کہا کہ آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور عوامی مینڈیٹ کی بحالی ناگزیر ہے ۔ 8 فروری کے بعد زبردستی حکومت قائم کی گئی، جو غیر آئینی عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت وہ تمام قوتیں جو آئین کو معطل کریں یا اس کی حمایت کریں، غدار کے زمرے میں آتی ہیں۔انہوں نے عمران خان کی جیل میں حالت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ طریقہ کار غیر انسانی اور غیر اسلامی ہے ۔ پارلیمنٹ کے ارکان جیلوں کے باہر خوار ہو رہے ہیں اور کوئی جواب دہی نہیں ہو رہی۔ اگر یہ پارلیمنٹ ہے تو سپیکر کو جیل حکام کو طلب کر کے بازپرس کرنی چاہیے ۔ یہ ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا، اب سب کو بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں