پانی بند کرنیکی بھارتی دھمکی،حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے: چیئرمین واپڈا
کراچی (نمائندہ دنیا) چیئرمین واپڈا نوید اصغر چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکیوں کے بعد پاکستان نے پیشگی حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب پر پانی ذخیرہ کرنے کے لیے نیا ڈیم تعمیر کیا جائے گا تاکہ بھارت کے ممکنہ آبی حملے کا مؤثر جواب دیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم ضلع چنیوٹ کے قریب تعمیر کیا جائے گا اور اس کا مقصد نہ صرف پانی کا ذخیرہ بڑھانا ہے بلکہ قومی آبی سلامتی کو بھی یقینی بنانا ہے ۔نوید اصغر چودھری کا کہنا تھا واپڈا ملک کے آبی وسائل کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے ،موجودہ علاقائی حالات کے پیش نظر ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے ، وفاقی حکومت نے چناب پر اسٹوریج کا کہا ہے ، ہم کوشش کریں گے کہ تمام اسٹوریج منصوبے جلد مکمل ہوں۔