ڈار، گوتریس ملاقات : سپانسرڈ دہشتگردی، سندھ طاس معاملہ اٹھا یا
اسلام آباد(وقائع نگار)نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کیلئے اہم قومی اور علاقائی اہمیت کے مسائل خاص طور پر تنازع جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان میں بیرونی طور پر سپانسر شدہ دہشت گردی کا معاملہ اٹھایا اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری جنرل نے یو این ایس سی میں پاکستان کی موجودگی اور اقدامات کو سراہا۔نائب وزیراعظم نے فلسطینی ریاست کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت، غزہ میں فوری جنگ بندی اور مغربی کنارے میں اسرائیل کے الحاق کے منصوبوں کی بھرپور مخالفت کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطح کے سیاسی فورم مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے کہا اس وقت صرف 35 فیصد پائیدار ترقی کے اہداف درست سمت میں ہیں۔ عالمی وبا، خوراک، ایندھن اور مالیاتی بحرانوں کے مشترکہ اثرات، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات نے ترقی کے مشکل سے حاصل کردہ ثمرات کو پلٹ دیا اور عدم مساوات کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ ان چیلنجز کے باوجود پاکستان 2030 کے ایجنڈے کے حصول کیلئے پُرعزم ہے ۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات، سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قومی حدود سے باہر پائیدار استعمال کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت ، سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران اہم اجلاسوں کی صدارت، نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی اجلاس منعقد کریں گے۔