انسداد منشیات عدالتوں کے قیام میں تاخیر، سندھ ہائیکورٹ حکام پر برہم
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے انسداد منشیات ایکٹ کے تحت نئی عدالتوں کے قیام میں تاخیر پر حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں منشیات برآمدگی کے مقدمے میں ملزموں کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پولیس اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس ذوالفقار علی سانگی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں آئی جی سندھ، سیکرٹری ایکسائز، داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام پیش ہوئے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سندھ پولیس ترمیمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا اختیار کیسے رکھتی ہے ؟ آئی جی سندھ نے کہا کہ معاشرے میں منشیات کا استعمال خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جب اختیار ہی نہیں تو مقدمات کا اندراج کیسے کیا جا رہا ہے ؟ آئی جی سندھ نے مؤقف اپنایا کہ پولیس منشیات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور کرائم و منشیات کا گہرا تعلق ہے ، یہی وجہ ہے کہ پولیس پراسیکیوشن اور عدلیہ سے بھی مشاورت کر رہی ہے۔