9مئی :احمد بھچر سمیت 51ملزموں کے وارنٹ گرفتاری ،عمر ایوب کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے)انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو میانوالی میں جوڈیشل کمپلیکس کو آگ لگا کر سرکاری ریکارڈ کو نقصان پہنچانے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے کے مقدمہ میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیدیا۔۔۔
انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت کے جج نعیم شیخ نے میانوالی میں 9 مئی کو جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات کی سماعت کی، عدالت نے تھانہ سٹی میانوالی کے مقدمہ میں جوڈیشل کمپلکس کو آگ لگانے کے الزامات میں پیش نہ ہونے پر 51 ملزموں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ، ان ملزموں میں احمد خان بچھر ، احمد چھٹہ اور بلال اعجاز کے نام شامل ہیں جبکہ بار بار طلب کرنے کے بعد عدالت میں پیش نہ ہونے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیا گیا جس کے مطابق 8 اگست تک عدالت میں پیش نہ ہونے پر عمر ایوب کو اشتہاری ملزم قرار دیدیا جائے۔