پاک ، کرغز کمیشن کا اجلاس ، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاک ، کرغز کمیشن کا اجلاس ، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) پاکستان اور کرغزستان کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا پانچواں اجلاس ہواجس میں مختلف پروٹوکولز اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے حوالے سے دو روزہ بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اعلامیے کے مطابق یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور کرغز جمہوریہ کے نائب چیئرمین کابینہ برائے وزرا ایدل بیسالوف نے کی۔دونوں فریقین نے پچھلے اجلاس سے اب تک کی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔اعلامیے میں بتایا گیا دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارتی حجم کو 10 کروڑ امریکی ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا۔برآمدات و درآمدات میں تنوع، پاکستان،کرغزستان جوائنٹ بزنس کونسل کی بحالی، تجارتی میلوں، بزنس فورمز اور بی ٹو بی تبادلوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا، مختلف اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا چھٹا اجلاس کرغزستان میں ہوگا جس کی تاریخ سفارتی ذرائع سے طے کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا پاکستان اور کرغزستان کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات ہماری دو طرفہ شراکت داری کی بنیاد کے طور پر کام کرتے رہیں گے تاہم یہ تشویشناک بات ہے کہ دو طرفہ تجارتی حجم میں نمایاں کمی آئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں