اسحاق ڈار کا مارکو روبیو کو فون مصر، بنگلہ دیشی وزراء سے ملاقاتیں
اسلام آباد،نیویارک(وقائع نگار،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنمائوں نے واشنگٹن ڈی سی میں گزشتہ جمعہ کو ہونے والی ملاقات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے باہمی تعلقات کے اہم امور بشمول ٹیرفز، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے دو ریاستی حل پر بین الاقوامی کانفرنس کی سائیڈ لائنز میں مصر اور بنگلہ دیش کے وزرائخارجہ سے اہم ملاقاتیں بھی کیں جن میں غزہ میں سنگین انسانی بحران اور اسرائیلی جارحیت پر اظہار تشویش کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدلطی سے ملاقات کی۔اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین سے بھی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ رابطوں کو فروغ دینے اور عوام سے عوام کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں سنگین انسانی بحران اور اسرائیل کی جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب ہاکان فیدان کو فون کیا جس میں فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔