بحرین چیف آف سٹاف کا دورہ نیول ہیڈ کوارٹرز ،امیر البحر سے ملاقات
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ذیاب بن صقر النعیمی نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی ، نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر امیر البحر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں علاقائی بحری سلامتی، دفاع، تربیت اور مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ،ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی، لیفٹیننٹ جنرل النعیمی نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور میری ٹائم سکیورٹی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کو سراہا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔