ریاستی اداروں کے خلاف مزاحمت کے حامی نہیں :فضل الر حمن
ڈی آئی خان (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ) سربراہ جے یو آئی(ف )مولانا فضل الرحمن نے سیلاب کے باعث مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دئیے ۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آئینی نظام کمزور ہوا تو ادارے بھی کمزور ہو جائیں گے ، خیبرپختونخوا میں گورننس کا بحران گہرا ہو چکا ہے ، جو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں وہ خود بحران کا شکار ہیں۔عوام کو نازک حالات سے آگاہ کرنے کیلئے جلسے کر رہے ہیں، سیلاب کے باعث مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دئیے ، 16 اکتوبر کو ڈیرہ میں مفکر اسلام مفتی محمود کانفرنس منعقد ہوگی۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نازک حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، تصادم ہماری خواہش نہیں مگر عوام کو سچ بتانا بھی ضروری ہے ، خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی چیز نہیں، بدامنی و کرپشن عروج پر ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد اتنے طاقتور ہو چکے کہ ریاستی اداروں کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم اداروں کے دشمن ہیں نہ ریاستی اداروں کیخلاف مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ لازوال قربانیوں کے باوجود آج تک پختونخوا کے لوگوں کو امن نہ مل سکا۔ ریاست شہریوں کو جان و مال اور عزت کا تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے ۔ ریاست کے پاس شہریوں کو تحفظ اور امن دینے کی پوری صلاحیت موجود ہے لیکن شہریوں کی بقا کو نظر اندازکیاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے دلوں میں دفاعی اداروں کی عزت ہو ، لوگ ان سے محبت کریں۔ اگر دفاع کمزور ہوا تو ملک ،عوام ،سیاست دان اور سیاسی نظام سب کچھ اجڑ جائے گا۔