عوام 29 ستمبر کی ہڑتال سے دور رہیں : وزیراعظم آزاد کشمیر
راولا کوٹ(دنیا نیوز، آئی این پی)وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے راولاکوٹ میں معرکہ حق جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پونچھ کیلئے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ کے باشعور عوام خود کو 29 ستمبر کی ہڑتال سے دور رکھیں۔
جلسہ میں تمام سیاسی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو یقین دہانی کرائی کہ 29 ستمبر کو عوامی حقوق کے نام پر ہڑتال کے ڈرامے کو ناکام بنانے کیلئے وہ قانون کے تحت جو بھی قدم اٹھائیں گے تمام لیڈر شپ بھرپور ساتھ دے گی، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹربھی خود کو اس ہڑتال سے خود کو دور رکھیں ،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے بعد بھارت میں صف ماتم بچھ چکی ہے ، مسئلہ کشمیر کو اب دوبارہ او آئی سی اور عرب لیگ میں اٹھایا جائے گا،اس موقع پر اُنہوں نے پونچھ کیلئے ایک ارب روپے کے پیکیج کا بھی اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ معاہدے سے پا کستان کو دنیا کی سپر طاقت کی حیثیت مل گئی ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت بھارتی عزائم خاک میں ملا دئیے ،جلسہ سے سردار یعقوب ،راجہ فاروق حیدر،تنویر الیاس، سردار عتیق ، چودھری یاسین ، شاہ غلام قادر ، سردار حسن ابراہیم و دیگر نے بھی خطاب کیا ، کشمیری قیادت نے کہا کہ بھارت نے اگر پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے کی غلطی کی تو آزاد کشمیر کو بھارت کا قبرستان بنا دیں گے ،ان زعما کا کہنا تھا کہ بلاشبہ پونچھ مزاحمت کی سرزمین ہے لیکن مزاحمت کی آڑ میں کسی کو بھارتی مفادات پورے نہیں کرنے دیں گے ، قیادت کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی فوج آزاد کشمیر میں نہ ہو تو مودی چند گھنٹوں میں سارا کشمیر ہڑپ کر جائے۔