پشاور میں پی ٹی آئی جلسہ ،عدلیہ انصاف کرے:علی امین :ناکام ترین شو:حکومت

پشاور  میں  پی  ٹی  آئی  جلسہ ،عدلیہ  انصاف  کرے:علی  امین :ناکام  ترین  شو:حکومت

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے پشاور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا عدلیہ آئین کے مطابق انصاف کرے ، عمران خان، ان کی اہلیہ اور عوام کو انصاف دیا جائے۔

حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی،خیبرپختونخوا کی حکومت صوبے میں کسی بھی آپریشن کی حمایت نہیں کرتی۔وزیراعلیٰ نے کہا ہم کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کی حمایت کرتے ہیں، وفاقی حکومت سن لے ، حکومت خیبرپختونخوا آپریشن یا لوگوں کے بے گھر ہونے کی حمایت نہیں کرتی۔علی امین گنڈاپور نے ‘وفاقی اداروں’ پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے بات کریں اور ملک میں دہشت گردی کے مسئلے کو حل کریں۔ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس کے خلاف آواز بلند کریں گے ۔ عدلیہ آئین کے مطابق انصاف فراہم کرے ، عمران خان، ان کی اہلیہ اور عوام کو انصاف دیا جائے ، پی ٹی آئی کی جدوجہد برائے ‘حقیقی آزادی’ اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک کامیابی حاصل نہیں ہو جاتی۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آپ پر لازم ہے کہ آپ اپنا کردار ادا کریں اور عمران خان کا مسئلہ حل کریں، جس طرح بانی پی ٹی آئی نے مئی کے بھارت سے تنازع کے دوران فوج کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنا کردار ادا کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ کے پی پہلے بھی پی ٹی آئی کا تھا آج بھی ہے ، ہم بانی پی ٹی آئی کے لئے لوگوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے ، جو لوگ کرسیوں پر بیٹھے ہیں ان سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے جو خان کا وفادار نہیں ہوگا میں اس پر زمین تنگ کردوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی صورت آپریشن قبول نہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی کے ساتھ ساتھ کون کھڑا ہے ہم دیکھ رہے ہیں، پنجاب میں سیلاب زدگان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے ۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تین دن پہلے میں نے بانی پی آئی سے ملاقات کی، جیل میں بانی نے کہا کہ میں کبھی نہیں جھکوں گا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ میری ماں پنجاب میں پیدا ہوئی، دل پختونخوا میں دھڑکتا ہے ، خواجہ آصف نے بے شرمی کے تمام ریکارڈ توڑے ہیں، یہ تمام کرسیوں کے پجاری ہیں۔اسد قیصر نے کہا کہ کسی صورت صوبے میں آپریشن نہیں چاہتے ، ہم جنگوں سے تنگ آچکے ہیں، ہم افغانستان کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنے کے حامی ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آٹھ فروری کا الیکشن چوری ہوا، ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ 20 کروڑ عوام قیدی نمبر 804 کو چاہتے ہیں، انصاف کا حصول بہت مشکل ہوگیا ہے ۔

جلسے کے آغاز پر پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے اعلان کیا کہ عمران خان کے ‘ویڈیو پیغامات’ جلسے میں دکھائے جائیں گے ۔بعدازاں، ایک ویڈیو چلائی گئی، جس میں عمران خان کا خطاب تھا، جو بظاہر کسی پرانے عوامی اجتماع کا تھا۔پارٹی رہنما اعظم سواتی نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور عہد کیا کہ وہ ‘ظلم ‘ سہتے رہیں گے جب تک عمران خان جیل سے رہا نہیں ہو جاتے ۔پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق، پارٹی کارکنان اور حامی ملک بھر سے پشاور پہنچے تاکہ جلسے میں شریک ہو سکیں، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا کے ذریعے تقریب کو آن لائن نشر کیا۔جلسے کے دوران بد مزگی بھی دیکھی گئی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خطاب کے دوران کارکنوں نے سٹیج کی جانب بوتلیں پھینکیں اور کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے بھی لگائے ۔دوسری جانب جلسے میں پی ٹی آئی کارکن خواتین کے انکلوژر میں داخل ہوگئے اور خواتین کی نشستوں پر بیٹھ گئے جس پر پولیس نے دھکے دیکر کارکنوں کو باہر نکالا۔

فیصل آباد،پشاور(خصوصی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزرا نے تحریک انصاف کے پشاور میں جلسے کو ناکام ترین شو قراردے دیا، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا صوبائی حکومت کو جلسے اور جلوس کرنے کا حق حاصل ہے ، لیکن انہیں دہشت گردی کے بارے میں بھی دو ٹوک بیانیہ اپنانا اور فورسز کے پیچھے کھڑا ہونا ہوگا، نہ کہ ہر روز اس حوالے سے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کریں۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا خیبرپختونخوا حکومت کہتی ہے ، افغانستان سے بات کریں ہم ان سے بات کر رہے ہیں، لیکن اس کا نتیجہ کیا نکلا ؟ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کی ٹولیوں میں جہاں پہلے 30 سے 50 فیصد افغان شہری شامل ہوتے تھے اب ان کی تعداد بڑھ کر 70 سے 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔

وہ دہشتگرد کہاں سے آتے ہیں، کون انہیں یہاں بھیجتا ہے ، صوبائی حکومت اس بارے میں بات کیوں نہیں کرتی، خیبرپختونخوا حکومت کہتی ہے ، بات چیت ہونی چاہیے ، کس سے بات کریں ؟ اُن سے جو ہمارے سپاہیوں، بچوں کو شہید کرتے اور بازاروں میں دھماکے کرتے ہیں، گولی چلانے والوں کے ساتھ گولی سے ہی بات ہو گی، سمجھ نہیں آتا کہ اِن کا دہشت گردوں کے لیے اتنا نرم رویہ کیوں ہے ۔ دریں اثنا وفاقی وزیر امور کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی کے جلسے کو گرینڈ فلاپ قرار دیتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا کے عوام کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی جلسے کا بائیکاٹ کر دیا،یہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک میں عبرتناک ناکامی کی طرح خیبرپختونخوا میں جلسہ کرنے میں بھی ناکام ہوگئے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اب صرف تاریخ دے گی، تحریک نہیں چلا سکے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں