اسلام آباد میں فائرنگ، ڈائریکٹر ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سمیت 2 قتل
بلیو ایریا میں احسان کو نشانہ بنایاگیا، گولڑہ موڑ میں قتل کی وجہ پرانا تنازع:پولیس ایک گھنٹے میں دوقتل کے واقعات سکیورٹی پرسوالیہ نشان،ملزمان ناکوں سے باآسانی فرار
اسلام آباد (عادل تنولی )وفاقی دارالحکومت میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے دو واقعات میں دو افراد قتل ، ایک شخص زخمی ہو گیا ۔ شہر میں جرائم کی بڑھتی لہر نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ۔ گولڑہ موڑ چوک میں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے نوجوان کو موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ نوجوان کا قتل ڈکیتی نہیں بلکہ پرانے تنازعے کا شاخسانہ تھا ۔ نوجوان 2023 میں قتل کے مقدمے میں عدالت سے بری ہوا تھا اور اسی رنجش پر اس کو نشانہ بنایا گیا ۔ ادھر تھانہ کوہسار کی حدود میں مصروف تجارتی مرکز بلیو ایریا میں دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس سے ایک شخص موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور انتہائی تیزی سے فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت احسان کے نام سے ہوئی جو ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں ۔ دونوں واقعات نے سکیورٹی پر گہرے سوالات چھوڑے ہیں، پولیس گشت اور ناکوں کے باوجود ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ شہری حلقوں نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔