مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس:خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ

مریم  نواز  کی  زیر  صدارت  اجلاس:خصوصی  بچوں  کو  ہمت  کارڈ  پروگرام  میں  شامل  کرنے  کا  فیصلہ

آٹزم سکول میں مفت تھراپی ،مزید 48نئی بسوں کی فراہمی اور13رکنی بورڈ آف گورنرز کی منظوری سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے خصوصی وفد کی لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات

لاہور(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب کی تاریخ میں مختصر ترین مدت میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ وزیراعلیٰ نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں واضح فیصلہ کیا گیا کہ غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے ۔اس موقع پر خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے اور دنیا بھر سے بہترین ماہرین آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 48 نئی بسوں کی فراہمی اور آٹزم سکول کے بچوں، اساتذہ اور سٹاف کے لیے یونیفارم اور ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی ۔13 رکنی بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اورآٹزم ریسورس سینٹر کے تین سالہ سٹراٹیجک پلان بھی منظور کیا گیا۔معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ آٹزم سکول میں ایک کسٹمائزڈ ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے ۔

جو دنیا کے مختلف ممالک میں رائج کامیاب، ثبوت پر مبنی (Evidence-Based) آٹزم ماڈلزاور بین الاقوامی تحقیقی تجربات کے گہرے مطالعے کے بعد تیار کیا گیا ہے ۔سکول کے لیے ایک جامع فنکشنل گرین نصابِ تعلیم بھی تیار کیا گیا ہے جس میں کمیونیکیشن و لینگویج، لائف سکلز، اسلامی و اخلاقی تعلیم، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجیات شامل ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن اور ساؤنڈ تھراپی سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔ 3 سے 16 سال تک کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گا، آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر میں بچے 22 سال کی عمر تک زیر تعلیم و زیرعلاج رہ سکیں گے ۔علاوہ ازیں سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے خصوصی وفد کی لاہور آمد پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایئرپورٹ خوش آمدید کہا۔وزیراعلیٰ سے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مریم نواز نے خادمین الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لئے عقیدت و احترام کا اظہارکیا۔ شہزادہ منصور بن محمد بن سعاد آل سعود نے وفد کی قیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے سعودی سفیر کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے گھریلو سامان فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں